حال نیوز۔۔۔۔۔جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت پر عمران خان بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی،عمران خان کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے،اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی موجود تھے۔عدالت نے 3مرتبہ بانی پی ٹی آئی کو پیش ہونے کا پیغام بھیجا جیل عملے نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے انکار کردیا ہے۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ طبیعت ٹھیک نہیں۔آج عمران خان بانی پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں حاضری لگنی تھی۔
عمران خان بانی چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 9مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا جیل ٹرائل بحال کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری۔عمران خان کا جیل ٹرائل انسداد دہشت گردی راولپنڈی میں کیا جائے گا، جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہونے کا امکان ہے۔ جیل سپریٹنڈنٹ نے سی پی او راولپنڈی کو اضافی سیکورٹی نفری کیلئے خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ 9مئی سے متعلق کل کیس کا جیل ٹرائل ہے۔ مقدمے میں 109ملزمان، 150وکلا جیل کے باہر سے پیش ہوں گے، فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لئے جیل کے اطراف اضافی سیکیورٹی نفری تعینات کی جائے۔
پنجاب کابینہ نے سیکیورٹی وجوہات کے بنا پر عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی اجازت دیدی۔پنجاب کابینہ اجلاس میں فیصلہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر کیا گیا، مریم نواز شریف وزیراعلی پنجاب نے فیصلہ کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت کیے گئے فیصلے پر محکمہ قانون اور پراسیکیوشن نے احکامات بھی جاری کردئیے ہیں۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے 15ستمبرکو اس کیس کا جیل ٹرائل ختم کرتے ہوئے مقدمے کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔