حال نیوز۔۔۔۔۔وفاقی حکومت نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے اسلام آباد جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے اسلام آباد جیل منتقل کیا جائے گا،ان کا مزید کہنا تھا کہ جنید اکبر خان کو پی اے سی سے ہٹوانے کیلئے پی ٹی آئی ارکان سے استعفے دلوائے گئے،پی ٹی آئی ارکان سے جنید اکبر خان کی چیئرمین شپ ہضم نہیں ہورہی تھی۔
وفاقی وزیر و لیگی رہنما ء طارق فضل چوہدری کا ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی اے سی کی چیئرمین جنید اکبر تھے، پاکستان تحریک انصاف اس سے بھی استعفیٰ دے چکی ہے، ان تمام استعفوں کے پیچھے جنید اکبر خان کو پی اے سی چیئرمین شپ سے ہٹانا مقصد تھا، جنید اکبر کے مخالف گروپوں نے پی ٹی آئی میں ایسی چال چلی کہ تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دلوائے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو زمان پارک میں بھی رکھ سکتے ہیں اس کے حق میں ہوں، ہم بانی کو کسی قسم کی تکلیف نہیں دینا چاہتے، بانی پی ٹی آئی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جیل میں جائیں گے، اسلام آباد کے جتنے قیدی اڈیالہ میں ہیں وہ سب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جیل میں منتقل ہوں گے۔بانی کو بنی گالہ شفٹ کرنے اور ہاؤس اریسٹ کے حق میں ہوں۔