ناکامی دہشتگردوں کا مقدر، امن کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

حال نیوز۔۔۔۔میر سرفراز بگٹی وزیراعلیٰ بلوچستان کا دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش، خودکش حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کیلئے افسوس کا اظہار، میر سرفراز بگٹی وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں کسی صورت عوام اور ہماری بہادر سیکورٹی فورسز کے حوصلے کو پست نہیں کرسکتے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ فورسز کی قربانیاں اور عوام کا تعاون دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے بڑی طاقت ہیں اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو پرامن اور محفوظ صوبہ بنانے کے عزم پر ہم سب متحد ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ عوام اور سکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہم شہدا کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف عناصر کا ایجنڈا محض معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانا اور خوف و ہراس پھیلانا ہے مگر قوم کا عزم اور اتحاد دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بناتا رہے گا سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ واقعے کے فورا بعد سکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرکے دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، جس پر پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.