حال نیوز۔۔۔۔کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ کے قریب خودکش بم دھماکہ و فتنہ الہندوستان کا حملہ، 10 افراد شہید، درجنوں زخمی، ایف سی بلوچستان کی بھرپور جوابی کارروائی 6 دہشتگرد مارے گئے۔ جوابی کارروائی میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ کے علاقے میں سیکورٹی اہلکاروں کے قریب ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔ خودکش دھماکہ ہونے کے فوراً بعد خودکش بمبار کے دیگر ساتھیوں نے علاقے پر حملہ کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔
دہشتگردوں کے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔ سیکورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کی حساس تنصیبات میں گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
خودکش دھماکے اور فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ قریبی عمارتوں شیشے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے باعث کئی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور رکشے تباہ ہو گئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل، وزیر داخلہ محسن نقوی و دیگر وفاقی و صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی و سیاسی رہنماؤں کی جانب سے خودکش دھماکے و حملے کی شدید مذمت اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا عزم کا اظہار کیا۔