حال نیوز۔۔۔۔پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے میر سرفراز بگٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس میں وزیر ترقیات میر ظہور بلیدی، وزیر مواصلات سلیم کھوسہ، راحیلہ درانی، شکیل قادر خان چیف سیکرٹری بلوچستان اور تمام محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔ زاہد سلیم ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے اجلاس کو جاری منصوبوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
میر سرفراز بگٹی نے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے والے محکموں کو سراہا جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں پر برہمی کا اظہار کیا وزیراعلیٰ نے واضح ہدایت دی کہ تمام محکمے جنوری تک منظور شدہ اسکیموں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوامی فلاحی منصوبوں کے ثمرات بروقت پہنچ سکیں اجلاس کو بتایا گیا کہ گرین بس منصوبے کی توسیع پر کام تیزی سے جاری ہے اور نئی گرین بسوں کی خریداری مکمل ہوچکی ہے جو اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں کراچی پورٹ پہنچ جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ گرین اور پنک بس منصوبوں کو اکتوبر میں ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے گرین بسوں کی تعداد بڑھائی جائے گی جبکہ خواتین کے لیے خصوصی پنک بس سروس بھی جلد شروع کی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ورکنگ ویمن کے لیے آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ خواتین خود مختار اور سماجی و معاشی میدان میں فعال کردار ادا کریں وزیر اعلیٰ نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے ہدایت دی کہ مئی تک تمام مجوزہ اسکیموں کی ٹیکنیکل اپروول مکمل کرلی جائے تاکہ بجٹ سازی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو اور منظور شدہ اسکیمیں بجٹ کا حصہ بنائی جاسکیں۔
میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کی سخت نگرانی چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی میر سرفراز بگٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عام آدمی کی مشکلات کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تمام محکمے عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے فعال اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔