دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے ہم سب کو مل کر اسے کچلنا ہو گا، شہباز شریف

حال نیوز۔۔۔۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سب کو مبارک ہو، نیویارک اور واشنگٹن کا ہمارا دورہ انتہائی کامیاب اور مفید رہا،اقوام متحدہ میں صدر ٹرمپ اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی زیر صدارت غزہ کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا،اس اجلاس میں پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا،قطر، یو اے ای، سعودی عرب انڈونیشیا، اردن اور مصر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی عمارت میں غزہ کی صورتحال پر اجلاس خوش آئند پیش رفت ہے۔ غزہ سے متعلق اجلاس میں حوصلہ افزا،بات چیت ہوئی۔ مجھے کامل یقین ہے غزہ پر حالیہ اجلاس کا مثبت نتیجہ بہت جلد سامنے آئیگا، ہم چاہتے ہیں کہ غزہ میں فوری جنگ بندی ہو۔ غزہ میں 2023ء سے ظلم و ستم کا بازار گرم ہے، بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا جا رہا ہے جن میں بچے اورعورتیں بھی شامل ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ میں مسلمانوں کے خلاف بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، میں نے الحمدللہ غزہ کی صورتحال پر جنرل اسمبلی میں بھرپور آواز اٹھائی، فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر اور کشمیر کی آزادی کیلئے بھی جنرل اسمبلی کے فورم پر بھرپور آواز اٹھائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نے بھارت کو شکست فاش دی،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو زندگی بھر اسے یاد رہے گا،اس حوالے سے بھی میں نے بات کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی کے اوپر جو ہمارا حق ہے اس پر بھرپور اواز اٹھائی۔ ہم نے جنگ جیت لی ہے، ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مہارت کا مظاہرہ کیا،ان کا عزم انتہائی مضبوط اور پختہ تھا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں معر کہ حق میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی،جنگ کے دوران پوری قوم اپنی مسلح افواج کے پیچھے کھڑی تھی۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں ہمارے بہادر شاہینوں نے اپنی جرات اور بہادری دکھائی اور اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ دنیا کو باور ہوا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کیلئے ہے، 24 کروڑ عوام کی دعائیں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ تھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور 24 کروڑ عوام کی دعاؤں سے معیشت بنیادی استحکام حاصل کر چکی، اب ترقی اور پائیدار استحکام کے لیے دن رات کام ہو رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ انتہائی مفید، تعمیری اور خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، باہمی تعلقات مزید بہتر بنانے میں یہ ملاقات اہم رہی،ملاقات میں تجارت،سرمایہ کاری، تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری پر بات ہوئی، آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون میں مزید وسعت لائی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا گیا ہے، سعودی عرب کے دورے میں پاکستان کو بے پناہ عزت دی گئی، سعودی قیادت نے شاندار انداز میں استقبال کیا جو 24 کروڑ پاکستانیوں کیلئے باعث فخر ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی نے بدقسمتی سے دوبارہ سر اٹھایا ہے، چند سال پہلے دہشتگرد رہا کیے گئے، انہیں واپس آنے دیا گیا، یہ کسی طور پر بھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔ پچھلی حکومت نے دہشت گردوں کو رہا کر کے دوبارہ بسایا، دہشت گردی کی بڑی وجہ دہشت گردوں کو دوبارہ بسانا ہے۔

فتنہ الخوارج،کالعدم ٹی ٹی پی،بی ایل اے اور مجید بریگیڈ فتنہ ہندوستان کے آلہ کار ہیں، افواج پاکستان،قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس سب مل کر دن رات انسداد دہشت گردی کے لیے بر سرِ پیکار ہیں، دہشت گردوں کا صفایا کیا جا رہا ہے،ہمارے جوان اور افسران وطن کی حفاظت کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں،جو خارجی ہاتھ دہشت گردی کے پیچھے ہیں وہ پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے،فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، دہشت گردوں کا صفایا کرکے رہیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.