آئین کے مطابق نہ چلا گیا تو ملک کے وجود کو خطرہ ہے، پشتونخوامیپ

حال نیوز۔۔۔۔  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماؤں مجید اچکزئی شراف آغا اور حامد اچکزئی کا کہنا تھا کہ سیاسی جمہوری کارکنوں کو اردگرد کے حالات کا ادراک کرنا ہوگا، جمہوریت اور آئین سے مسلسل انحراف کے باعث ملک بحرانوں میں پھنس چکا ہے،پارٹی کے سربراہ  محمود اچکزئی کی تجویز پر عملدرآمد نہ کرنا اور تاخیری حربوں کا مقصد ملک کو تباہی وبربادی سے دوچار کرنے کے مترادف ہے،ہماری پارٹی آج بھی خان شہید عبدالصمد اچکزئی کے دیئے گئے نظریات، افکار، ویژن پر کاربند ہوکر اپنے قومی اہداف کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

فارم47کی حکومت عوام کو امن وامان دینے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے، بیروزگاری کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ بدترین مہنگائی اور سخت ترین بیروزگاری نے سفید پوش افراد کوبھی مانگنے پر مجبور کردیا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بیڈ گورننس کے باعث ہر شعبہ زندگی میں عوامی خدمت پرمامور ادارے مفلوج اور کرپشن وکمیشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔ کرپشن، کمیشن،پرسنٹ کی صورتحال اداروں کی تباہی اورعوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔

تحصیل صدر پشتون باغ اول کلیوال شہید علاقائی یونٹ کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سینئر نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، نعیم پیر علیزئی، راحت بازئی،نور بیدار، صداقت اچکزئی ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔ کانفرنس کی صدارت تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے کی۔ اس موقع پر نئے کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

سیاسی جمہوری کارکنوں اور عوام آئین کی بالادستی،جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن، پارلیمنٹ کی خودمختاری، آئین کے دیئے گئے دائرہ کار میں ہر ادارے کو اپنے فرائض کا پابند بنانے کے لیے درج بالا نکات پر متفق ہیں۔ بہترین منظم تنظیم ہی کے ذریعے اپنے قومی،سیاسی، جمہوری اہداف کے حصول کی منزل طے کرسکتے ہیں۔ ملک قرضوں تلے ڈوبا ہے، غریب اور بالخصوص پشتون عوام کا معاشی قتل عام جاری ہے، ملک میں کئی بھی تجارت پر پابندی نہیں سوائے پشتون وطن کے سرحدی تجارتی راستوں پر جہاں نام نہاد قدغنیں لگائی گئی ہے جس کا مقصد پشتون نوجوانوں کو حلال روزی سے محروم کرکے دنیا بھر میں مسافرانہ اور اذیت کی زندگی گزارنے اور اپنے وطن میں جرائم پر مجبور کرنا ہے۔

ناصر خان علاقائی سیکرٹری، شیر زمان خان سینئر معاون سیکرٹری، محمد دین خان اطلاعات سیکرٹری،تیمور شاہ مالیات سیکرٹری،عبدالمالک رابطہ سیکرٹری،سعد اللہ اور حبیب اللہ معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹیوز سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری منان خان بڑیچ نے حلف لیا۔ سٹی تحصیل صادق شہید کاسی علاقائی یونٹ کانفرنس کی صدارت تحصیل سیکرٹری نے کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.