کمانڈر بحرین نیشنل گارڈکا ائیر ہیڈ کوارٹر کا دورہ، سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

حال نیوز۔۔۔۔  بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ کا ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات۔ ایئر چیف اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کے پائیدار دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ۔ دونوں سربراہان نے مشترکہ تربیتی اقدامات اور ہوا بازی کی صنعت میں ہر ممکن تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

ایئر ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہوں نے پاک فضائیہ کے انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے جاری مختلف منصوبوں سمیت اسکے تربیتی شعبے کی تشکیل نو اور جدید تکنیکی صلاحیتیوں کے اشتراک کے ذریعے حاصل ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ کا کا مزید کہنا تھا کہ ان تزویراتی اقدامات سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور ملٹی ڈومین وارفیئر کے شعبے میں اسکی تکنیکی برتری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو دونوں ممالک کی افواج کے مابین بے مثال دفاعی تعاون کا مظہر ہیں۔ مزید برآں انہوں نے دوطرفہ دفاعی تعاون بالخصوص تربیت، مشترکہ فضائی مشقوں اور تبادلہ علم کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے بھارت کے خلاف حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی پر سربراہ پاک فضائیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسکے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور غیر معمولی حوصلہ مندی کی تعریف کی۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے تربیتی شعبے میں تعاون کے فروغ کی اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کرتے ہوئے فضائی مشقوں کیانعقاد کے ذریعے مشترکہ تربیت کی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے ساتھ دوطرفہ تربیتی مشقوں اور مشترکہ منصوبوں میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات باہمی ترقی اور مشترکہ آپریشنل تجربات کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کریں گے۔ اس دورے نے بھائی چارے اور دفاعی شراکت داری کے پائیدار تعلق کو مزید وسعت بخشی جس کے دوران معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی خودانحصاری مہم کی تعریف کرتے ہوئے علاقائی سطح پر طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کی اس کی قیادت کی بھرپور کوششوں کو سراہا۔

دونوں معززین نے اس بات پر بھی باہمی اتفاق کیا کہ باہمی مذاکرات کے آئندہ دور کے سلسلے میں بحرین ایئر فورس کے کمانڈر مستقبل قریب میں پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ سربراہ پاک فضائیہ اور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کے مابین ہونے والی یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو وسعت دینے اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی کے چیلینجز کے تناظر میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.