تاجکستان
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور تاجکستان کے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی، دلیر خان، جو کہ پاک تاجکستان کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، کے مابین گلگت میں وفود کی سطح پر ایک تفصیلی اور مثبت ملاقات ہوئی۔جس میں دو طرفہ دلچسپی کے مختلف شعبہ جات خصوصاً توانائی، تجارتی روابط، اور علاقائی ہم آہنگی پر جامع گفتگو کی گئی۔ گلگت بلتستان میں جاری لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے تاجکستان کے کامیاب پامیر انرجی ماڈل کو اپنانے پر خصوصی غور کیا گیا، جس کے ذریعے مقامی سطح پر صاف اور پائیدار توانائی کی پیداوار ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ گلبر خان نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو گلگت بلتستان کی معیشت کی بحالی اور عوامی بہبود کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجکستان کی تکنیکی معاونت اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے خطے کے دیرینہ توانائی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر اشکومن تاجکستان روڈ لنک کے ممکنہ منصوبے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف تجارتی روابط کو فروغ دے گا بلکہ عوامی سطح پر تعلقات میں بھی نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔ اس منصوبے کے ذریعے گلگت بلتستان کو تاجکستان اور وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ براہ راست زمینی رابطے حاصل ہوں گے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ توانائی، ٹرانسپورٹ اور سیاحت جیسے شعبوں میں مشترکہ منصوبے دونوں خطوں کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کا باعث بن سکتے ہیں۔ پاک تاجکستان کوآرڈینیشن کمیٹی کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، جو تمام مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو ممکن بنائیں گے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوستی، اعتماد اور تعاون کے جذبے کے تحت اس اشتراک کو مستقبل میں مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
Comments are closed.