کوئٹہ12اگست کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں پر کام کی پیشرفت اور حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے کوارڈینیشن کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ مہر اللہ بادینی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر سی ایم پی کیو ڈی رفیق بلوچ، ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلویز عمران حیات، چیف ایگزیکٹو سی اینڈ ڈبلیو ڈاکٹر سجاد احمد، چیف ایگزیکٹو واسا محمد رمضان، ڈائریکٹر واسا ظہیر ستار، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر عابد محمود، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر فلائی اوورز سلیم رزاق، ڈائریکٹر واسا عبدالقیوم، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن کلیم اللہ سمیت کیسکو، پی ٹی سی ایل، این ٹی سی، پاکستان ریلویز، ایس ایس جی سی اور اے جی آفس کے نمائندے شریک ہوئے۔اجلاس میں یوٹیلیٹی سروسز سوئی گیس کی لائنوں ،بجلی کے پولز اور ٹیلیفون و انٹرنیٹ کیبلز کی بروقت منتقلی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کو زرغون روڈ اور سائنس کالج گیس پریشر پوائنٹس اور کیسکو کو بجلی کے پولز کی منتقلی تین ہفتوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جبکہ اے جی آفس پارکنگ کا مسئلہ بھی محکمہ ریلوے کے مابین حل کر لیا گیا، اس کے علاوہ ڈی ایس ریلویز آفس کی دیوار اور درختوں کی منتقلی اگلے دو روز میں مکمل کی جائے گی۔ این ٹی سی اور پی ٹی سی ایل کو بھی کیبل منتقلی کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ گاہی خان چوک، کسٹم سریاب چوک اور عالمو چوک انٹرچینجز سمیت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ جن منصوبوں میں لینڈ ایکوزیشن سے متعلق مسائل درپیش ہیں انہیں فوری طور پر حل کیا جائے اس حوالے سے تمام ادارے باہمی تعاون کو فروغ دیکر منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔اجلاس کے آخر میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مقرر کردہ ڈیٹ لائن کے مطابق کام کی تکمیل کو ممکن بنائیں۔
Comments are closed.