شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز کی 17ویں برسی – تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے سالار کو خراجِ تحسین

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ قیادت نے شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز کی 17ویں برسی کے موقع پر ایک مشترکہ تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ شیخ عبدالعزیز نہ صرف تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے ایک جری، مخلص اور دیانت دار رہنما تھے بلکہ وہ کشمیری عوام کے دلوں کی دھڑکن اور مزاحمت کی علامت تھے۔ حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے انہوں نے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔ وہ جانتے تھے کہ یہ راہ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے، مگر کبھی پیچھے نہ ہٹے۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے بھارتی ریاستی جبر، تشدد، قید و بند، اور پابندیوں کا سامنا کیا۔ انہیں بارہا گرفتار کیا گیا، ان کے خاندان کو ہراساں کیا گیا، لیکن یہ تمام مظالم ان کے عزم کو توڑ نہ سکے۔ وہ ہر حال میں کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے سفیر اور بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف ایک بلند و توانا آواز رہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ہندو انتہا پسند حکومت، خصوصاً بنیا ذہنیت، اس حقیقت سے بخوبی آگاہ تھی کہ کشمیری عوام کسی بھی قیمت پر بھارت کے ساتھ رہنے پر آمادہ نہیں۔ اس حقیقت نے بھارت کو انتقامی کارروائیوں پر آمادہ کیا، اور کشمیری عوام کو سزا دینے کے لیے معاشی بائیکاٹ کا ہتھیار استعمال کیا گیا۔ جموں سے وادیٔ کشمیر آنے والی تمام روزمرہ اشیاء کی ترسیل بند کر دی گئی، جس سے ایک سنگین معاشی بحران پیدا ہوگیا۔ یہ پابندیاں عوامی زندگی کو مفلوج کرنے اور تحریک کو دبانے کی ناکام کوشش تھیں۔

اس موقع پر وادی میں ایک طاقتور عوامی مطالبہ ابھرا کہ پنڈی روڈ کھولا جائے تاکہ مظفرآباد اور راولپنڈی سے اشیاء کی ترسیل ممکن ہو۔ اس مطالبے کے ساتھ وادی میں ایک فلک شگاف نعرہ گونج اٹھا:
“تیری منڈی، میری منڈی… راولپنڈی، راولپنڈی”

عوام نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے حق کے لیے مظفرآباد کی طرف ایک پرامن مگر بھرپور مارچ کریں گے۔ اس تاریخی قافلے کی قیادت کا اعزاز شیخ عبدالعزیز کو دیا گیا۔ لاکھوں عوام پر مشتمل یہ قافلہ جب اوڑی کے مقام پر پہنچا تو بزدل بھارتی فوجیوں نے نہتے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس بہیمانہ حملے میں قافلے کا یہ عظیم سالار اپنے متعدد ساتھیوں سمیت شہید ہوگیا۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے تحریکِ آزادیٔ کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی۔ ان کا خون ایک ایسی مشعل ہے جو آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی روشنی کو تیز تر کر رہا ہے۔ بھارتی ریاستی جبر کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہٹیں گے۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور امن پسند ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت کے جابرانہ اقدامات کا نوٹس لیں، کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کریں، اور فوری اقدامات کے ذریعے اس دیرینہ تنازعے کا پُرامن حل نکالنے میں کردار ادا کریں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز اور ان کے رفقاء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور وہ دن ضرور آئے گا جب جموں و کشمیر کے عوام آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔

شعبہ نشرو اشاعت کل جماعتی حریت کانفرنس

You might also like

Comments are closed.