ایس ایس پی لسبیلہ کی جانب سے شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت

اوتھل:: (رپورٹ-عزیز یوسفزئی)ایس ایس پی لسبیلہ کی جانب سے ایک پرخلوص اور پُراثر بیان جاری کیا گیا جس میں شہداء پولیس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا ہم آج ان عظیم سپاہیوں اور افسران کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے اپنے خون سے اس وطن کے چمن کو سینچا، جو اپنے گھروں، بچوں، اور اہلِ خانہ کو چھوڑ کر دن رات عوام کی خدمت اور ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے برسرِپیکار رہے۔ یہ وہ بہادر جوان تھے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس ملک کی سالمیت، عوام کی جان و مال، اور قانون کی بالادستی کو محفوظ بنایا۔ ان کا جذبۂ قربانی، ان کی بے لوث خدمات اور ان کی جراتمندانہ کارکردگی ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔
ہمیں فخر ہے کہ پولیس فورس میں ایسے سپاہی موجود ہیں جو ہر لمحہ قوم کی خاطر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔ ان شہداء کی قربانیاں صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ ایک نظریے، ایک عزم اور ایک عہد کی نمائندگی کرتی ہیں کہ جب تک وطن ہے، ہم اس کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ایس ایس پی لسبیلہ نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کے اہل خانہ ہمارے لیے محض متاثرہ خاندان نہیں بلکہ قابلِ احترام ورثاء ہیں جنہوں نے اس ملک کو اپنے پیاروں کی شکل میں انمول تحفہ دیا۔ محکمہ پولیس ان خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ایس ایس پی لسبیلہ نے شہداء کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا ہم دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت ان شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو اسی جذبے، ایمان داری اور خلوص سے آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لسبیلہ پولیس شہداء کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے مختلف تقریبات، یادگاری اقدامات اور تعریفی پروگرامز کا انعقاد بھی کرتی رہے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو یہ باور کرایا جا سکے کہ تحفظِ وطن کی راہ میں جان قربان کرنے والے ہی اصل ہیرو ہوتے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.