یو م شہدائے پولیس پاکستان کے موقع پر موٹر وے پولیس ہیڈ کواٹر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا

یو م شہدائے پولیس پاکستان کے موقع پر موٹر وے پولیس ہیڈ کواٹر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سینئر افسران و ملازمان اور شہداء کے ورثاء نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بی اے ناصر تھے۔تقریب میں موٹروے پولیس دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور مسلح افواج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب سے قبل آئی جی بی اے ناصر نے یاد گار شہداء پرپھول چڑھائے اور شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی بی اے ناصر نے کہا کہ ہم فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان بہادر سپوتوں کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ دن ہمارے بہادر پولیس اہلکاروں کی ہمت، لگن اور غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتاہے جنہوں نے ہمارے پیارے وطن میں امن، قانون اور انصاف کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔موٹروے پولیس کی ایک خاتون آفیسر سمیت کانسٹیبل سے لیکر انسپکٹر رینک تک کے 51افسران و ملازمان نے دورن ڈیوٹی جام شہادت نوش کیا۔ جبکہ پاکستان بھر کے پولیس فورسز کے ہزاروں شہداء میں کانسٹیبل سے لیکر انسپکٹر جنرل آف پولیس رینک کے افسران شامل ہیں۔پولیس کا ہر شہید ہماری قومی تاریخ کا روشن ستارہ ہے ہم اپنے شہداء کو نہ بھولے ہیں اور نہ ہی کبھی بھولیں گے۔ ہر شہید کے پیچھے فرض کی تکمیل، وعدے کی پاسداری اور قوم کی حفاظت کی کہانی ہے۔پولیس فورس کا حصہ بننا محض ایک پیشہ نہیں ہے بلکہ یہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کا عہد ہے جس راستے پر ہم چلتے ہیں وہ آسان نہیں ہے۔ یہ خطرے کے وقت ہمت، مصیبت کے وقت صبر اور ہر وقت انصاف کے لیے ثابت قدمی کا تقاضا کرتا ہے۔آج ہم اپنے شہدا کے اہل خانہ کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ آپ کی قربانیاں لازوال ہیں۔ آپ اس قوم کا فخر ہیں اور ہم پر آپ کا قرض ہے جو کبھی ادا نہیں ہو سکتا۔آج اس موقع پر ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہمیں پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری کے ساتھ عوام کی خدمت کرتے ہوئے اپنے شہداء کی روایت کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور انسپکٹر جنرل آف پولیس، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ محکمہ اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا جنہوں نے لازوال قربانی دی۔اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ہمیں اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ تقریب سے موٹروے پولیس کے شہید انسپکٹر منصور اصغر کی بیوہ اور شہید کے صاحبزادے محمد احسان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے آخر میں آئی جی بی اے ناصر نے شہداء کے اہلخانہ میں تحائف تقسیم کئے۔

You might also like

Comments are closed.