آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات چوہدری محمداکمل سرگالہ اور وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم نے کہاہے کہ دنیا بھر کی طرح آزاد کشمیر اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے واقعات رونما ہورہے ہیں

میرپور(پی آئی ڈی)یکم اگست 2025
آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات چوہدری محمداکمل سرگالہ اور وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم نے کہاہے کہ دنیا بھر کی طرح آزاد کشمیر اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے واقعات رونما ہورہے ہیں جو ہماری اور نئی نسل کے مستقبل کے لئے بڑا خطرہ ہیں۔ حالیہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات عوامی تعاون سے سرکل میرپور میں چار لاکھ سے زائد پودا جات لگائے گا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے منفی اثرات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی، کالوڈ برسٹ کے واقعات کے باعث لینڈ سلائیڈنگ،سیلاب کے واقعات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو حیاتیات کے لئے سخت خطرے کا باعث ہیں۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ محکمہ جنگلات کے ساتھ ملکر قومی شجر کاری اور شجر پروری کی اہمیت و افادیت کو عوام تک پہنچائیں اور انہیں شجر کاری کی طرف راغب کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات سرکل میرپور کے زیراہتمام مون سون قومی شجر کاری کے سلسلہ میں پودا جات لگانے کے بعد میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ناظم جنگلات راجہ زاہد حسین خان،ناظم جنگلات راجہ جہانزیب خضر،ڈی ایف اور راجہ عمران شفیع،ڈی ایف او راجہ اکرم سبحانی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر آزاد کشمیرکے وزیر جنگلات چوہدری محمداکمل سرگالہ نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ مون سون شجر کاری مہم کے حوالے سے میرپور سرکل میں 0.4ملین پودے کمیونٹی کو دیے جارہے ہیں اس میں نرسری میں جو پودا جات ہیں وہ بھی اس میں شامل ہیں۔انہو ں نے کہا کہ اس وقت جو کلائمٹ چینج اور جس طرح کے موسمیاتی تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں اس سے نہ صرف آزاد کشمیر اور پاکستان بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہے تو اس حوالے سے یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کی تحفظ اوربچاؤ کے لیے کر دار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ بحثیت وزیرجنگلات اور حکومت آزاد کشمیر کے ذمہ دار شخص ہونے کی بنا پر میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری ملی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم پورے آزاد کشمیر میں مون سون شجر کاری میں حصہ لیں اور اس مہم کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کے ہر فرداورریاست کے ہر شہری کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے حصہ کا ایک ایک پودا لگا کر اس شجر کاری مہم میں اپنا حصہ ڈالے اور شجر کاری کے ساتھ ساتھ شجر پروری کو بھی فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ مقصد صرف یہ نہیں ہے کہ پودالگا یا جائے بلکہ پودے کو پروان چڑھانا بھی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کی جو بقا ہے وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شجر کاری اور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔اس میں جنگلات کے آفیسر ان،ماتحت ملازمین اکیلے کچھ نہیں کر سکتے اس کے لیے سول سوسائٹی،ڈاکٹر ز،انجینئر ز،وکلا،میڈیا،تاجر اور کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا تب جا کر اس مہم کو کامیاب کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج بھی محکمہ جنگلا ت کی نرسریز سے پودے حاصل کر تے ہیں وہ بھی محکمہ جنگلا ت کی قومی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لیتے ہیں جس پرہم ان کا شکرگزار ہیں۔
آزاد کشمیر کے وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا ہے کہ شجر کاری مہم نہ صرف محکمہ جنگلات کی ذمہ داری ہے بلکہ پوری سوسائٹی کی ذمہ داری ہے۔ہمارے سکولز،کالجز،یونیورسٹیز،سول سوسائٹی،ڈاکٹر ز،انجینئر اورہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف پودے لگائے بلکہ ان کی حفاظت کرئے جس طرح ہم اپنے بچوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان کے جوان ہونے کا انتظار کر تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے آزاد کشمیر میں 30 سے 35فیصد جنگلات تھے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو ہم بڑھا کر 60سے 70فیصد تک کریں۔انہوں نے کہا کہ درختوں سے آکسجن حاصل ہوتی ہے جو حیاتیات کے لیے ضروری ہے۔
دریں اثناانہوں نے محکمہ جنگلا ت کی نرسری کا دورہ کیا اور وہا ں پر موجود مختلف اقسام کے پودا جات کا معائنہ کیا اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کو ہدایات دیں کہ وہ ماحول دوست پودوں کی شجرکاری کو یقینی بنائیں۔

You might also like

Comments are closed.