پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق، قومی یکجہتی اور باہمی احترام کے ضامن ہیں

پاک کرسچن فاؤنڈیشن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی

طارق سیموئیل، صدر پاک کرسچن فاؤنڈیشن (PCF)

کراچی( ): پاک کرسچن فاؤنڈیشن (PCF)کے صدر، طارق سیموئیل نے اقلیتوں کے دن کے موقع پر مزارِ قائد پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور ملک سے محبت کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف مذاہب کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ملک بھر سے آئے شہریوں نے شرکت کی اور اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی رواداری کے عزم کو دہرا یا۔اس تقریب میں مسیحی، سکھ، ہندو اور مسلمان رہنماؤں نے شرکت کی اور پاک کرسچن فاؤنڈیشن کی شمولیتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امن، برداشت اور اتحاد کے فروغ کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔تقریب سے ریورنڈ بشپ سلامت، یونائیٹڈ پریسبیٹیرین ایونجیلیکل چرچ ریورنڈ رئیس بوٹا، وائس چیئرمین چرچ آف پاکستان (کراچی و بلوچستان) سردار امر سنگھ، چیئرمین پاکستان خالصہ سکھ کونسل اور رکن نیشنل کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، حکومتِ پاکستان پنڈت مکیش کمار، نمائندہ ہندو برادری طارق نیشن، جنرل سیکریٹری چرچ لیڈرشپ اور مختلف مسیحی فرقوں کے پادری و مذہبی رہنما ؤں نے خطاب کیا۔ پاک کرسچن فاؤنڈیشن کے صدر، طارق سیموئیل نے پاکستان کے قیام میں اقلیتوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں اس ملک کی شناخت اور ترقی کا لازمی حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، ہمارے بزرگوں نے اس وطن کے لیے قربانیاں دیں اور ہم بطور اقلیتیں ہمیشہ اپنے وطن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ مزارِ قائد کے انتظامیہ کی جانب سے تمام مذہبی رہنماؤں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو ان کے امن اور اتحاد کے فروغ میں کردار کا اعتراف تھا۔پاک کرسچن فاؤنڈیشن (PCF)کے صدر، طارق سیموئیل اور ان کے ہمراہ تمام شرکاء نے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھول چڑھائے اور ملکی یکجہتی، ہم آہنگی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔ پاک کرسچن فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری،راشد گل نے تمام مذہبی رہنماؤں، مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مذہبی رہنماؤں کو گلدستے پیش کیے جو محبت اور قدردانی کی علامت تھے اور بین المذاہب ہم آہنگی و تعاون کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا۔پاک کرسچن فاؤنڈیشن نے قائداعظم کے وژن کی پاسداری کا اعادہ کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان میں ہر شہری چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، قوم یا پس منظر سے ہوبرابر کے حقوق، عزت اور مواقع کا حق دار ہے۔

طارق سیموئیل
صدر پاک کرسچن فاؤنڈیشن (PCF)

You might also like

Comments are closed.