ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے کہا کہ پشین ایک پرامن ضلع ہے، اور انشاءاللہ یہ امن ہمیشہ قائم رہے گا

پشین10 اگست: ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے کہا کہ پشین ایک پرامن ضلع ہے، اور انشاءاللہ یہ امن ہمیشہ قائم رہے گا۔یہاں کے عوام پڑھے لکھے، باشعور اور تعاون کرنے والے ہیں، اور بطور ڈپٹی کمشنر میں خود کو اس ضلع کا خادم سمجھتا ہوں، خدمت میرا مشن ہے۔منصور احمد قاضی نے جرائم پیشہ عناصر کے لیے دوٹوک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش، ڈاکو، اشتہاری ملزمان، کالے شیشے والی گاڑیاں اور اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے لیے پشین میں کوئی جگہ نہیں۔ یہ ضلع امن کا گہوارہ ہے، اور جو کوئی بھی اس گہوارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔انہوں نے لیویز فورس کو مکمل ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں ہوں گی۔ پشین کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت نگرانی ہوگی تاکہ کسی شرپسند کو داخلے یا فرار کا موقع نہ ملے۔عوامی خدمت کو اپنا نصب العین قرار دیتے ہوئے منصور احمد قاضی نے کہا کہ جب سائلین ہمارے پاس اپنے مسائل لے کر آتے ہیں، تو یہ ہمارا فرض ہے کہ ان کی عزت و احترام کے ساتھ بات سنیں اور موقع پر حل نکالیں، نہ کہ انہیں دربدر اور خوار کریں۔انہوں نے اپنے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح ہدایت دی کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور امن و امان کے قیام میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے پشین کے عوام کو امن کے قیام میں شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع ہمارا گھر ہے، اور میں اس گھر کا محافظ ہوں۔ عوام کے تعاون اور دعا سے ہم پشین کو بلوچستان کا سب سے پرامن ضلع بنا کر پیش کریں گے، کیونکہ پشین کی پرامن شناخت ہم سب کا فخر ہے۔

You might also like

Comments are closed.