ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے جھٹ پٹ ایریگیشن ڈرینج کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری کام کا جائزہ لیا
جعفرآباد7اگست ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے جھٹ پٹ ایریگیشن ڈرینج کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مشینری کی کارکردگی اور پشتوں کو مضبوط بنانے کے عمل کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران محکمہ آبپاشی کے افسر بابو محمد رفیع ابڑو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود عملے کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایریگیشن و ڈرینج کے تمام کام محکمانہ معیار اور فنی اصولوں کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ موسمیاتی تغیرات کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے، جس کے پیش نظر حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ ادارے اور افسران فیلڈ میں موجود رہ کر اپنے فرائض منصبی انجام دیں، غفلت اور لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمانہ افسران کو تاکید کی کہ ہر قسم کی فنی و تکنیکی خامی کو فوری طور پر دور کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ ضلع میں سیلاب سے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.