کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت مٹن مارکیٹ پارکنگ پلازہ کے منصوبے کے حوالے سے اہم بریفنگ کا انعقاد کیا گیا

کوئٹہ 05اگست ۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت مٹن مارکیٹ پارکنگ پلازہ کے منصوبے کے حوالے سے اہم بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ بریفنگ میں کمشنر کو بتایا گیا کہ مٹن مارکیٹ میں جدید طرز کا انڈر گراونڈ پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں تقریباً 203 گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی سہولت دستیاب ہو گی۔اس کے علاوہ کاروباری مراکز بھی ہونگے۔منصوبے کے تحت گراونڈ فلور کو اوپن چوراہے کی شکل دی جائے گی تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور شہریوں کو کھلی جگہ میسر آ سکے۔ کمشنر کو مزید بتایا گیا کہ پارکنگ پلازہ کا ڈیزائن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مٹن مارکیٹ کی کھدائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے ہدایت کی کہ منصوبے میں بلوچستان کی علاقائی ثقافت اور فن تعمیر کے عناصر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ یہ پلازہ نہ صرف ایک سہولت ہو بلکہ کوئٹہ کی شناخت کا بھی مظہر بنے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکوائر کی تعمیر سے شہر کو ایک خوبصورت اور مثبت چہرہ ملے گا۔اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلووں، ڈیزائننگ، تحفظات، درپیش مشکلات اور حل کے ممکنہ راستوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مٹن مارکیٹ منصوبے اہم ہے اس منصوبے پر کام کو تیز اور مشکلات کو بروقت دور کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مٹن مارکیٹ پارکنگ پلازہ نہ صرف ٹریفک مسائل کے حل میں مدد دے گا بلکہ کوئٹہ شہر کے حسن میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر پی پی پی بلوچستان ڈاکٹر فیصل،چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن عطاء اللہ ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

You might also like

Comments are closed.