کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی شناخت، آزادی اور خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ، 5 اگست 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیری عوام کے لیے ایک سیاہ دن ہے جب بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کیا اور اپنے جابرانہ قبضے کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق پر کھلا حملہ ہے۔ بھارت کی جانب سے وادی میں جاری ظلم، ماورائے عدالت گرفتاریاں، اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیاں، ذرائع ابلاغ کی بندش اور آبادی کے تناسب کو بدلنے کی سازشیں عالمی ضمیر کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کے عوام، خاص طور پر بلوچستان کے غیور باسی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی شناخت، آزادی اور خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی اور دنیا کے ہر فورم پر ان کے حقِ خودارادیت کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے عالمی اداروں، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور دیرینہ حق دلوانے میں مؤثر کردار ادا کریں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ قربانیوں کا یہ سفر جلد آزادی کی منزل پر جا کر رکے گا اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ضرور ملے گا انہوں نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، اور وہ دن ضرور آئے گا جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا

You might also like

Comments are closed.