کوئٹہ، 4 اگست 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ صحت سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس پیر کے روز کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں صحت کے جاری منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ڈیجیٹل اصلاحات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو کوئٹہ میں امراض قلب کے جدید انسٹی ٹیوٹ اور ٹراما سینٹر جیسے اہم منصوبوں پر بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 164 بیسک ہیلتھ یونٹس (بی ایچ یوز) کو فعال کر دیا گیا ہے جن کے ذریعے دیہی اور دور دراز علاقوں میں سالانہ 12 لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت میسر آئے گی مزید بتایا گیا کہ نئی عمارتوں کی تعمیر کے بجائے پہلے سے موجود سرکاری عمارات کو صحت مراکز میں تبدیل کر کے اخراجات اور وقت کی بچت کے ساتھ سہولیات کی جلد فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔ یہ تمام بی ایچ یوز مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیے گئے ہیں جس سے نہ صرف مؤثر نگرانی ممکن ہو گی بلکہ کارکردگی کا مستقل جائزہ بھی لیا جا سکے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار بلوچستان میں صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل بنیادوں پر عملی اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ بنیادی صحت کے مراکز کو فعال بنا کر مقامی سطح پر عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے تاکہ شہروں اور دیہات کے درمیان صحت کی سہولیات کے فرق کو ختم کیا جا سکے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت صرف عمارتیں نہیں بلکہ ایک مؤثر اور پائیدار نظام صحت تشکیل دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کا اصل پیمانہ خوبصورت عمارتیں نہیں بلکہ عوام تک خدمات کی بروقت فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ہر فرد کو باعزت، معیاری اور سستا علاج فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ ہم دعوؤں سے نہیں کارکردگی سے صحت کے شعبے میں حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں ایک مربوط اور مضبوط نظام صحت ہی خود انحصار، خوشحال بلوچستان کی بنیاد ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور جلد از جلد عوام کے لیے فعال بنا دیے جائیں اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، اسپیشل سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان اور ایڈیشنل سیکرٹری وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ محمد فریدون نے شرکت کی۔
Comments are closed.