کوئٹہ ، 02اگست: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ دہشتگردی سے نبرد آزما ہونے اور ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر شہاد ت کا رتبہ پانے والے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیں کبھی رائیگا ں نہیں جائیں گی۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی
قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ دہشت گردی کے چیلنجز سے مزید بہتر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی پولیس بلوچستان نے اے ٹی ایف ٹریننگ سکول میں361اہلکاروں پر مشتمل18ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈکے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جن میں بلوچستان پولیس کے 161 اور پولیس ٹریننگ کالج کے لوئر کورس کے 200 جوانوں نے بھی انسداد دہشت گردی کی ٹریننگ مکمل کی۔اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پولیس محمد سعید وزیر ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر جاوید علی مہر، کمانڈنٹ اے ٹی ایف ٹریننگ سکول کرنل (ر) اسد فاروق ، ڈی آئی جیز اوراے آئی جیز سمیت دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔
آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ اے ٹی ایف ٹریننگ سکول میں افسران اور تربیتی عملے کی محنت سے کامیابی کے ساتھ فورس کے جوانوں کو انسداد دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے دورے حاضر میں جدید تربیت دی جارہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ عوام کا جانی و مالی تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیںکیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے بلوچستان دہشت گردی کا شکار ہے اور فورسز خاص طور پر پولیس نے دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے اس کے علاوہ پولیس کودہشت گردی سے نمٹنے کیلئے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے
تاکہ ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کرکے بلوچستان کو پر امن صوبہ بنایا جاسکے۔بلوچستان میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اورانشاءاللہ وہ دن دور نہیں کہ بہت جلد بلوچستان اور پاکستان میں امن و امان قائم و دائم ہو گا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے اے ٹی ایف کے تمام جوانوں کو ٹریننگ مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ آنے والے وقتوں میں آپ ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے ادارے کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں مزید ترقی کیلئے شب وروز محنت کریں۔میری دعائیں اورنیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوںمیںتعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔
Comments are closed.