جعفرآباد2اگست:: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے چھٹی کے روز بھی عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کا خود جائزہ لیادورے کے دوران انہوں نے جھٹ پٹ ایریگیشن ڈرینیج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت دی کہ ڈرینیج کی پشتوں کو فوری طور پر مزید مضبوط کیا جائے تاکہ ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جہاں کہیں بھی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ یا اخراج میں خلل پایا جائے، وہاں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور صورتحال کو جلد از جلد بہتر بنایا جائے۔ ان کے ہمراہ بابو رفیق احمد ابڑو بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے گوٹھ سانوالہ خان کنرانی میں جاری روڈ منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ انجینیئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ عوامی منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل ہوں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی ترقیاتی منصوبوں پر سرپرائز وزٹ جاری رکھے جائیں گے تاکہ تمام کاموں کا شفافیت اور معیار کے ساتھ جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی منصوبے میں غیر معیاری کام پایا گیا تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی مفاد میں تعمیر ہو رہے ہیں، جن کی تکمیل کے بعد نہ صرف مقامی لوگوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
Comments are closed.