جعفرآباد1یکم اگست ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ضلع جعفرآباد میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان کا کوآرڈینیشن اور جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع بھر میں جاری فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور تمام اداروں کے درمیان موثر روابط کو فروغ دینا تھا۔ اجلاس میں شریک نمائندگان نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے اپنے اداروں کی جانب سے تعلیم، صحت، پانی، خوراک، تحفظ، خواتین کی بہبود اور دیگر عوامی مفاد کے شعبوں میں جاری اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این جی اوز کی خدمات سے عوام کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے اور یہ سب ادارے ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر اگر مربوط انداز میں کام کریں تو نتائج مزید بہتر ہو سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ آئندہ تمام این جی اوز ضلعی انتظامیہ کی مشاورت اور رہنمائی کے ساتھ منصوبہ بندی کریں گی اور کام کے دائرہ کار کا تعین مشاورت سے ہوگا تاکہ ایک ہی علاقے میں بار بار مداخلت کی بجائے تمام تحصیلوں اور یونین کونسلز میں فلاحی سرگرمیوں کی مساوی تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور ضلعی سطح پر کوآرڈینیشن میکانزم کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ مسائل کے حل میں تاخیر نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ ضلعی حکومت این جی اوز کو مکمل تعاون فراہم کرے گی مگر اس کے ساتھ ساتھ نتائج پر مبنی کام اور پیش رفت کی رپورٹنگ بھی ناگزیر ہے تاکہ ضلع میں ہونے والی تمام سرگرمیوں کا ریکارڈ برقرار رکھا جا سکے۔ اجلاس میں تمام نمائندگان نے ضلعی حکومت کے ساتھ اشتراک پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی باہمی ہم آہنگی سے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments are closed.